۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح جیسے عظیم لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنہوں نے پرجوش عوامی جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد، خود مختار مملکت کے قیام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے 75 ویں یوم وفات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح جیسے عظیم لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنہوں نے پرجوش عوامی جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد، خود مختار مملکت کے قیام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا: ملکی سلامتی اور بقا کیلئے ملک کے تمام طبقات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قائد اعظم (رہ) کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں لانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا: افسوس آج پاکستان ایک طرف داخلی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے تو دوسری جانب کم ترین شرح خواندگی اور معاشرتی برائیوں نے بھی گھیر رکھا ہے، آئین و قانون کی بات کرنے والے خود آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے دکھائی دیتے ہیں۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: قائد اعظم محمد علی جناح (رہ) نے ایک آزاد اور خود مختار وطن ہمارے حوالے کیا مگر آج ہمیں جائزہ لینا چاہیئے کہ ہم نے اپنے بزرگوں کی اس امانت کے ساتھ کیا کیا۔

انہوں نے مزید کہا: افسوس اس وطن کو جسے انسانی حقوق، آزادی اظہار، اسلامی قوانین کے نفاذ اور بنیادی انسانی ضروریات کے حوالے سے صف اول میں کھڑا ہونا چاہیئے تھا، اس کی جگہ آج طبقاتی تفاوت، عدم مساوات، عدل و انصاف کے فقدان نے جگہ لے لی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: بدقسمتی سے ملک میں دہشت گردی، فرقہ وارانہ انتہا پسندی اور ذاتی خواہشات و سیاسی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دی گئی۔ عوام کے حقوق کی آواز اٹھانے والوں نے طبقاتی تفریق، پسماندگی اور تنگدستی کی نذر عوام کو کردیا، ایک طرف عوام تمام تر مشکلات کے باوجود ملکی سلامتی کیلئے جانیں قربان کرتے رہے مگر دوسری طرف چند فیصد اشرافیہ نے اپنے مفادات اور وقتی حکمرانی کیلئے اپنے فرائض کی انجام دہی میں تساہل سے کام لیا۔

انہوں نے کہا: قائد کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے لازم ہے کہ حکمران اور ارباب اختیار اچھے اور بروں میں تفریق کریں، ظالم و مظلوم، قاتل و مقتول، دہشت گرد و امن پسندوں میں فرق کئے بغیر کبھی ملکی سلامتی اور قومی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو پائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .